اسلام آباد، لاہور (سپیشل رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان سے رکن پنجاب اسمبلی مظہر عباس راں اور گجرات سے ممبر پنجاب اسمبلی چودھری اشرف دیوانہ ،ان کے بھائی چودھری افضل دیوانہ نے عمران خان سے ملاقات میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔ مظہرعباس راں اور اشرف دیوانہ نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں شاہ محمود قریشی اور علیم خان بھی موجود تھے ۔ تینوں رہنماوں نے عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف ہنماؤں کو جماعت میں خوش آمدید کہا۔ علاوہ ازیں لاہور کی دو یو نین کو نسلوں یو سی 257کے چیئر مین ملک منظر عباس کھوکھر اور یو سی 259ازمیرٹائون کے چیئر مین ملک راشد صدیق کھوکھر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔ دونوں بلدیاتی شخصیات نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی ہے ۔ ملک راشد صدیق کھوکھر نے ’روزنامہ 92نیوز‘ سے گفتگو کر تے ہوئے کہا ہے ختم نبوت کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) سے نالاں تھے ، جس پر پارٹی کو خیر آباد کہہ دیا۔ دریں اثنا افغان نائب وزیرخارجہ حکمت خلیل کرزئی کی سربراہی میں افغان وفد نے عمران خان سے ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ عمران خان کو دورہ افغانستان کی دعوت بھی دی گئی۔اس موقع پر حکمت خلیل کرزئی نے کہا خواہش ہے عمران خان افغانستان کا دورہ کریں، عمران خان کا دورہ افغانستان دونوں ممالک کو قریب لانے میں مدد دے گا۔ عمران خان کی شخصیت ،سوچ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار کر سکتی ہے ۔ عمران خان نے افغان نائب وزیرخارجہ اوروفدکے اراکین کا خیرمقدم کیا۔ مزید برآں تحریک انصاف کی طرف سے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے وعدے کی تکمیل کیلئے سابق وزیر اعظم میر بلخ شیر مزاری کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی کاباضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسحٰق خاکوانی، خسرو بختیار اور طاہر بشیر چیمہ شامل ہیں ، کمیٹی جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل کے حوالے سے منصوبہ عمل تیار کرے گی ۔ کھلاڑی بن گئے