اسلام آباد (اے پی پی) بینکاری کی مجموعی قومی صنعت میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کے اثاثہ جات کی شرح 13.5 فیصد تک بڑھ گئی ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2018ء میں جنوری تا مارچ کے دوران اسلامی بینکاری کے شعبہ کے اثاثہ جات میں 2.8 فیصد یعنی 62 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور 31 مارچ 2018ء کے اختتام پر اسلامی بینکاری کے شعبہ کے اثاثہ جات کی مالیت 2.334 کھرب روپے تک پہنچ گئی۔ ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں سال 2018ء کے ابتدائی تین مہینوں کے دوران بینکنگ کی مجموعی قومی صنعت میں اسلامی بینکاری کے شعبی کے اثاثوں میں 1.1فیصد کے اضافہ سے اسلامی بینکاری کے اثاثہ جات مجموعی بینکنگ انڈسٹری کے اثاثہ جات کے 13.5فیصدتک پہنچ گئے جبکہ سال 2017ء کی آخری سہ ماہی میں دسمبر 2017ء کے اختتام پر اسلامی بینکاری کے اثاثوں کا تناسب 12.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔