اسلام آباد،لاہور (وقائع نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کے تبادلے کا حکم دے دیا ہے اور تعیناتیاں آج تک مکمل کرنے کی ہدایت کر د ی ہے جبکہ تعیناتیاں بروقت نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کا سکیورٹی کے حوالے سے آج 13جون کو ہونے والا اہم اجلاس ملتوی کر دیا گیاجو اب کل 14جون کوصبح 10بجے ہو گا۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر کر ینگے ۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تبادلوں کے سلسلے میں ایک خط اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھا گیاہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ آج تک چیف سیکرٹریز اور صوبائی آئی جیز کی تعیناتیاں مکمل کرے ۔ الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق سکیورٹی اجلاس میں سیکرٹری دفاع،سیکرٹری خارجہ ،سیکرٹری سیفران ،چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز اور چاروں آئی جیز بھی شریک ہونگے ۔اجلاس میں پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی سمیت عام انتخابات میں امن و امان سے متعلق امور کو حتمی شکل دی جا ئیگی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے تحت صوبوں میں انتظامیہ اور پولیس کے صوبائی سربراہان کی تقرری کیلئے آج (بدھ کو)نگران کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس کی صدارت جسٹس (ر)ناصرالملک کرینگے ۔ چاروں چیف سیکرٹریز اور آئی جیز پولیس کی تبدیلیوں کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے نگران وزیراعظم کو باضابطہ طور پر خط لکھا گیا ہے اور یہ اعلیٰ تقرریاں وفاق کا اختیار ہے ۔صوبوں میں صاف شفاف انتخابات کیلئے انتظامیہ اور پولیس میں اعلیٰ سطح پر ردوبدل معمول کی کارروائی ہے ۔ یہ تقرریاں نگران وزراء اعلیٰ کی مشاورت سے متوقع ہیں ۔ نگران کابینہ کو صوبوں میں چیف سیکرٹریز اور پولیس کے صوبائی سربراہان کی تقرریوں اور تبادلوں کا جائزہ لیا جا ئیگااور الیکشن کمیشن کے خط سے آگاہ کیا جائیگا۔لاہور سے سپیشل رپو رٹر کے مطابق الیکشن کمیشن پنجاب نے آئی جی پنجاب پولیس کو الیکشن کے دوران سکیورٹی کیلئے 14نکات پر مشتمل ایجنڈا بھجوا دیا جس کی روشنی میں آئی جی پنجاب پولیس کیپٹن (ر)عارف نوازکی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں14 نکات کا جائزہ لیا گیا۔ یہ بھی معلوم ہواہے کہ ان14 نکات میں حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ،خواتین کے پولنگ بوتھوں پر کیمروں کی تنصیب ، رینجرز کی تعیناتی سمیت دیگر نکات شامل ہیں جن پر عملدرآمد کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔ادھر الیکشن کمیشن نے فرائض سے غفلت برتنے پر معطل4 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کیخلاف انکوائری افسر مقرر کر دئیے ہیں اور انکے خلاف انضباطی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔معطل ہونے والے اے آر او این اے 210 خیرپور ایگزیکٹو انجینئر واپڈا راجہ عزیز ،اے آر او این اے 209ایگزیکٹو ا نجینئر بلڈنگ الطاف شیخ کیلئے ریجنل الیکشن کمشنر سکھر مظہر حسین ،اے آر او پی پی 40سیالکوٹ اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹر جنرل ضیا الحق کیلئے ریجنل الیکشن کمشنر گوجرانوالہ ،معطل اے آر او پی بی 26 عبدالرحمن کیلئے ریجنل الیکشن کمشنر کوئٹہ انکوائری افسر مقرر کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انکوائری افسران کو 30 دن میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔اسلام آباد (ملک سعید اعوان) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے اہم عہدوں پر افسران کی تعیناتی کیلئے فہرست تیارکر لی ہے ۔ نگران کابینہ میںچیف سیکرٹریز اور آئی جی کی تقرریوں کیلئے مجوزہ افسران پر آج غور کیا جا ئیگا اورمنظوری کے بعد آج ہی نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کاامکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی فہرست میں گریڈ22کے افسران میں یونس ڈھاگہ، احمد نواز سکھیرا، شعیب میر میمن ، افتخار بابر، ارباب عارف، شعیب صدیقی اور افضل لطیف کے نام شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق انتخابات کے دوران آئی جیز کیلئے بشیر میمن، احسان غنی، کلیم امام، حسین اصغر اور خالد لطیف کے نام شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم ناصر الملک کی سربراہی میں افسران کی تعیناتیوں کیلئے اہم اجلاس جمعہ کو ہوا تھا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بھی موجود تھے جب ان افسران کی فہرست تیار کی گئی تھی تو ہی مشاورت مکمل کرلی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان افسران کے تبادلوں کے حوالے سے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ۔