اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اُردن کے سفیر میجر جنرل(ر) ابراھیم یالا المدنی اورافغانستان کے سفیرنجیب اللہ علی خیل نے گزشتہ روز یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، مسلم ممالک میں قریبی روابط کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے اردنی سفیرسے گفتگومیں کہا کہ پاکستان اور اُردن اہم علاقائی و عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں،پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کیلئے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کیخلاف اسلامی ممالک کو ایک مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے ۔اُردن کے سفیر نے کہا کہ اُردن پاکستان کے ساتھ اقتصادی وتجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔دریں اثناسپیکر اسد قیصر سے افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل نے ملاقات کی ۔اس موقع پر سپیکرنے افغان سفیرسے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ایک پرامن ،مستحکم اور خوشحال افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغان امن معاہدہ افغانستان اور خطے میں امن کے قیام اور ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔