لاہور(کامرس رپورٹر،ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وفاق سے ترقیاتی بجٹ میں کم حصہ دینے کا شکوہ کردیا جبکہ پنجاب میں کورونا ویکسینیشن سنٹرز بڑھانے کا بھی فیصلہ کرلیا۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں پلاننگ کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ،سیکرٹری پلاننگ کمیشن حامد یعقوب شیخ،ایڈیشنل سیکرٹری اورممبر پلاننگ کمیٹی بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں رواں مالی سال کے فیڈرل پی ایس ڈی پی بجٹ سے پنجاب میں میگا پراجیکٹس کا جائزہ لیاگیا۔فیڈرل پی ایس ڈی پی سے پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر پیشرفت پرغورکیاگیا اوران کی مقررمدت میں تکمیل پر زور دیا گیا۔شرکاء کو لائیوسٹاک ،پرائمری ہیلتھ، ایجوکیشن،انڈسٹری اورفوڈ سکیورٹی ایشوز پر بریفنگ دی گئی۔پلاننگ کمیشن نے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا ۔اجلاس میں وفاق اور پنجاب کے درمیان ترقیاتی منصوبوں پراشتراک کار اورروابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔وزیراعلیٰ نے پلاننگ کمیشن کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود پنجاب کو ترقیاتی بجٹ میں شیئرکم دیا جارہا ہے ۔وفاق سے پی ایس ڈی پی بجٹ میں جائز شیئر دینے کی توقع کرتے ہیں ۔قبل ازیں پنجاب میں عوام کیلئے ویکسینیشن کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اہم اعلان کردیا۔ صوبہ بھر میں کورونا مثبت کیسز کے حوالے سے ویکسینیشن سنٹرز کا دائرہ کار بتدریج بڑھانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی ویکسینیشن یقینی بنانے کیلئے مزید کورونا ویکسین ڈوز کی خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کر رہے ہیں۔ پنجاب کے عوام کیلئے 10لاکھ سے زائد انسداد کورونا ڈوز خریدی جائیں گی۔ پنجاب کے ہر شہری کو کورونا سے بچانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں اور مزید بھی کریں گے ۔ پی کے ایل آئی میں ویکسینیشن سنٹر فعال ، لاہور میں ویکسینیشن مراکز 3 ہو جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں 50 سال سے زائدالعمر افراد کی رجسٹریشن شروع ہو چکی ہے اور شہری 1166 پر شناختی کار ڈ کا نمبر بھیج کر رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بھکر میں پتنگ کی ڈور سے ریسکیواہلکار کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔بعدازاں انہوں نے سابق سپیکر قومی اسمبلی حامد ناصر چٹھہ کی اہلیہ اور محمد احمد چٹھہ کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیااورایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی۔