لاہور (آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا لب و لہجہ بھارتی سفیر جیسا ہے ،اداروں کے لئے نا اہل کا یہ روپ حیران کن ہو سکتا ہے میرے لئے نہیں،شریف برادران اپنی لوٹ مار بچانے کے لئے کسی حد تک بھی گر سکتے ہیں،نواز شریف خود کو بچانے کے لئے دشمنوں کے ساتھ نیشنل سیکرٹ بھی شئیر کر سکتے ہیں،پوری قوم اور قومی سلامتی کے ادارے ایک طرف کھڑے ہیں نا اہل ایک طرف کھڑا ہے ۔پاکستان عوامی لائرزموومنٹ کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نواز شریف پاکستان کے خلاف بھارت کے سلطانی گواہ بن چکے ہیں۔ پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہتا ہوں کہ نواز شریف اس بار آئے نہیں لائے گئے تھے ان کے پیچھے بھارت سمیت متعدد ملکوں کی بھاری انویسٹمنٹ تھی،نواز شریف کی اقتدار سے بے دخلی پر غیر ملکی انویسڑز تڑپ رہے ہیں ۔ نواز شریف ملک سے بھاگنے کے لئے ریاست کو بلیک میل بھی کریں گے ۔نا اہل نے معیشت تباہ کر دی،آئین کو بے وقعت کیا ،سپریم کورٹ کو بدنام کیا ،فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی آخر کسی بات کا تو انہیں زعم ہے اور کوئی تو انکے پیچھے ہے ۔آنے والے دنوں میں انویسٹر بھی قوم کے سامنے بے نقاب ہو جائینگے ۔لاہور ہائیکورٹ لارجر بنچ نے سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں باقاعدہ سماعت کا آغاز کر دیا ، ثابت کرینگے ماڈل ٹاؤن قتل عام کا حکم شریف برادران نے دیا۔