اسلام آباد (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں داخلہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر اب تک 12 ارب12 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ حکومت نے ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے 15 ارب 68کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے بلوچستان میں فرنٹیئر کارپس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے 65کروڑ، شوال رائفل رزمک کے لئے 19کروڑ 66لاکھ، عبداﷲ شاہ غازی رینجرز کے لئے 75کروڑ، ایچ 16 میں ماڈل جیل کی تعمیر کے لئے 80کروڑ، اسلام آباد میں ماڈل پولیس سٹیشنز کے قیام اور ریفارم کے لئے 30کروڑ، مالاکنڈ سوات میں سکیورٹی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے ایک ارب، پاکستان رینجر پنجاب کے لئے 42کروڑ52 لاکھ، بلوچستان کانسٹیبلری کے لئے 15کروڑ، اسلام آباد پولیس میں ای آفسز کی اپ گریڈیشن کے لئے 27کروڑ 50 لاکھ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں۔