اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے فوڈسپلیمنٹس (نیوٹر اسیوٹیکلز) کی 106 اور ہربل یونانی ادویات کے 21درخواستوں کو منظور کر لیا۔ مینو فیکچررز کی ان لسٹمنٹ کے بارے میں قائم مینو فیکچررز اویلیوایشن کمیٹی کا 35 واں اجلاس ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ او ٹی سی ڈویژن کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں 166 مقامی اور درآمد کنندگان کی درخواستوں پر غورکیا گیا جن میں سے نیوٹراسیوٹیکلز 106 درخواستوں اور 21 ہربل یونانی کی درخواستوں کو منظور کیا گیا، 24 درخواستوں کو نامکمل ہونے کی وجہ سے مو خر کر دیا گیا، 10 ادویات کو انکی دوا سازی کی انسپکشن کی خاطرزیر التوا رکھا گیا اور5 درخواستوں کو کمیٹی نے مسترد کر دیا۔ اجلاس میں مقامی ادویات بنانے والوں کے 2 لائسنس اور 6لائسنس درآمدکنندگان کے ان لسٹمنٹ کیلئے منظور کئے گئے ۔ ڈریپ ترجمان نے بتایا کہ کمیٹی کی ہر ہفتے میٹنگ ہوتی ہے اور مجوزہ معیار پر پوری اترنے والی درخواستوں کو کمیٹی کے سامنے رکھا جاتا ہے ۔ ہیلتھ اینڈ اوٹی سی ڈویژن نے قلیل عرصہ میں727 سے زائد مینوفیکچر اور درآمد کنندگان کو فہرست میں شامل کیا ہے ۔ڈریپ ترجمان نے کہا کہ ڈویژن کی اولین ترجیح ہے کہ وہ عوام کو ان کے دروازے پرمعیاری اور محفوظ ادویات فراہم کرے ۔ ہیلتھ اینڈ اوٹی سی ڈویژن ادویات کو متبادل ادویات اور صحت بارے دیگر مصنوعات کو ایس آر او 412 کے قواعدکے تحت پہلی بار ریگولیٹ کر رہا ہے ۔ہیلتھ اینڈ او ٹی سی ڈویژن ان ادویات کی برآمد کی خاطر ہر طرح کی سہویات فراہم کرتا ہے اور ادویات کی برآمدگی کیلئے این اوسی3 دن میں جاری کردیا جاتا ہے ۔ ڈریپ نے کہا کہ غیر معیاری ہربل اور یونانی ادویات بنانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔