واشنگٹن ( نیٹ نیوز، این این آئی، آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا سے کسی بھی قسم کا ایٹمی خطرہ نہیں ہے ، کم جونگ ان سے ملاقات دلچسپ تجربہ تھا، شمالی کورین سربراہ نے عوام کے روشن مستقبل کیلئے بولڈ اسٹیپ اٹھایا ہے ۔سنگاپور میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے تاریخی ملاقات کے بعد وطن واپس پہنچنے پر ایک ٹویٹ پیغام میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک طویل سفر تھا لیکن میری ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے اب ہر کوئی خود کو زیادہ محفوظ تصور کر رہا ہے ۔اب شمالی کوریا سے کسی قسم کا جوہری خطرہ نہیں ہے ۔ کم جانگ ان کے ساتھ ملاقات مثبت اور دلچسپ تجربہ تھا۔ شمالی کوریا کے پاس مسقبل کے لیے بہترین طاقت موجود ہے ۔انہوں نے مزید لکھا کہ میرے ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے امریکی لوگ یہ تصور کر رہے تھے کہ ہم شمالی کوریا سے جنگ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ صدر اوباما نے کہا تھا کہ شمالی کوریا ہمارا سب سے خطرناک اور بڑا مسئلہ ہے ۔ لیکن اب نہیں ہے آج آرام سے سوجائیں۔امریکی صدر نے کہا کہ وہ کم ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے عوام کے روشن مستقبل کیلئے ایک بولڈسٹیپ اٹھایا اور ہماری ملاقات ممکن ہوئی، ملاقات بے مثال تھی۔انہوں نے کہا کہ اس ملاقات سے ثابت ہوتا ہے کہ تبدیلی ممکن ہے اس کے لئے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔