ماسکو(سپورٹس ڈیسک) سپین فٹبال فیڈریشن نے ورلڈ کپ سے ایک روز قبل کوچ جولین لوپ ٹیگوئی کو برطرف کر دیا، سپینش فیڈریشن نے جولین لوپ کے ریال میڈرڈ کلب کے ساتھ بطور کوچ معاہدہ کرنے کے بعد اس بات کا اعلان کیا۔ ورلڈ کپ کا آغاز آج سے ہو رہا ہے ، سابق عالمی چیمپئن اسپینش ٹیم 15 جون کو پرتگال کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ اسپینش فٹ بال فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جولین لوپ نے ہمیں آگاہ کئے بغیر ریال میڈرڈ سے معاہدہ کیا جس کی وجہ سے فیڈریشن نے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ صدر لوئس روبائلز نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اس وقت یہ مشکل فیصلہ ہے ، میں جانتا ہوں کہ مجھے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑے گا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس سے ہماری ٹیم مزید مضبوط ہو گی۔ سپین نے 2016ء میں جولین کو ٹیم کا کوچ مقرر کیا تھا، ان کی زیر کوچنگ اسپینش ٹیم نے 20 میں سے 14 فتوحات حاصل کیں۔