نیو یارک ( نیٹ نیوز) امریکہ کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے قطر کیمپس کی طالبہ خنسہ ماریہ کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں 2021 کے موسم خزاں کے لیے پاکستان سے ‘رہوڈ’ سکالر چنا گیا ہے ، خنسہ ماریہ بینائی سے محروم ہیں، پاکستان میں دورانِ تعلیم بینائی سے محرومی کی وجہ سے انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس لیے جسمانی کمی کا شکار افراد کے لیے کچھ کرنے کے قابل ہونے کا خیال ان کے دل کے بہت قریب ہے ، خنسہ ماریہ رہوڈ سکالرشپ کے تحت آکسفورڈ یونیورسٹی سے ماسٹرز کریں گی، ان کی ماسٹرز کی ڈگری حقیقت پر مبنی پالیسیاں بنانے اور سماجی تشخیص کے موضوع پر ہو گی، خنسہ نے کہا میں خود جسمانی کمی کا شکار ہوں، نابینا ہوں، اور مجھے ایسے سماج میں رہنے کا تجربہ ہے ، جہاں سب کی ضروریات کا خیال نہیں رکھا جاتا، یہ میری ذمہ داری ہے کہ جہاں تک میں کوشش کر سکوں، اپنی کمیونٹی کے حالات بہتر کروں یا کم از کم اپنے تجربات اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل میں اپنے جیسی جسمانی کمی کا شکار افراد کے لیے کچھ کر سکوں۔