لاہور،سرگودھا،کامونکے ،سیالکوٹ (سپیشل رپورٹر، نمائندگان)سرگودھا سے ملتان جانے والی بس ڈمپر سے ٹکراگئی جس سے 6مسافر جاں بحق جبکہ کامونکے میں بس سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکراگئی جس سے 2مسافر چل بسے ۔تفصیلات کے مطابق سرگودھاسے مسافر کوچ ملتان آرہی تھی کہ 84 شمالی موڑ کے قریب مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق مرنے والوں میں سجاد،محمد بخش، عامر شہزاد، عمران و دیگر شامل ہیں۔ ایک جاں بحق مسافر کی تاحال شناخت نہ ہو سکی ۔زخمیوں میں سہیل، ریاض، فہیم ،نسرین ،اشرف،خضر حیات، صغیر ،آصف، عدیل احمد،قیصر عباس، محمد علی، ثقلین، مشتاق ، عمران،حسین ،منظور،اﷲدتہ،منظوراحمد، غلام رسول اور مقبول سمیت 30 افراد شامل ہیں، زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویشناک ہے ، پولیس کے مطابق حادثہ ڈمپر اور مسافربس کے ڈرائیوروں کی غفلت اور تیزرفتاری کے باعث پیش آیا ۔دونوں ڈرائیور فرار ہوگئے ۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ڈمپر اور بس کے ٹکرانے سے دھماکا ہوا جس کی آواز دور تک سنائی دی گئی، مسافروں کو بس کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا۔ڈیرہ غازیخان میں تھانہ گدائی کے علاقے انڈ س ہائی وے پراسرار احمد ولدشیر محمد موٹر سائیکل پر گھرجارہاتھا کہ ٹرالرنے ٹکر مار دی ،اسرار موقع پر دم توڑ گیا۔ادھر گزشتہ روز بس فیصل آباد سے ظفر ووال جارہی تھی کہ سادھوکے کے نزدیک تیز رفتاری کے باعث بس جی ٹی روڈ پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں بس میں سوار ظفر ووال کا منیر احمد اور بڈیانہ کا اقبال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ فیصل آباد کے فریاد،گوجرانوالہ کے فیصل ،سیالکوٹ کی غفوراں بی بی اور نعیم کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔حادثہ کے بعد ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔علاوہ ازیں پسرور گوجرانوالہ روڈ پر پل باسی والا کے قریب موٹر سائیکل پر سوار سہیل اپنی اہلیہ او ر بچے ولید کے ہمراہ میکے سے اپنے گھر جارہے ہے کہ ایکسیویٹرکرین نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں سہیل اور اس کی بیوی معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ ان کا 10سالہ بچہ ولید شدید زخمی ہوگیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ دوسری طرف گرین ٹاؤن کے علاقہ میں لوہے کی مشینری بجلی کی مین تاروں سے ٹکرانے کے باعث کرنٹ لگنے سے 2 مزدورہلاک جبکہ تین مزدوروں کو حالت غیر ہونے پرہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ گرین ٹاؤن کے علاقہ میں رات گئے تعمیراتی کام کے دوران بجلی کی تاروں سے مشینری ٹکرانے کے باعث کرنٹ لگنے 5 مزدور اﷲ دتہ، غلام رسول،غلام فرید، نصیر احمد اور فقیر حسین جھلس کرزخمی ہوگئے ۔ کرنٹ لگنے سے جھلسنے والے تمام افرادکا تعلق اوکاڑہ سے ہے جو محنت مزدوری کے لئے لاہور میں کرائے کے گھرمیں رہائش پذیر تھے ۔