لاہور(نامہ نگار خصوصی ؍این این آئی) سپریم کورٹ نے انتخابی امیدواروں کو دیواروں پر تشہیری مہم چلانے سے روک دیا۔چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عدالت عظمیٰ نے امیدواروں کو دیواروں پر تشہیری مہم چلانے سے روک دیا۔اس موقع پر چیف جسٹس نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرائے اور کمیشن ضابطہ اخلاق سے متعلق تشہیری مہم میڈیا پر چلائے ۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا عدلیہ اور الیکشن کمیشن پر ایک ہی ذمہ داری باقی رہ گئی ہے ، اﷲ خیر رکھے الیکشن کی ذمہ داری نبھا سکیں۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے اسلام آباد ائیرپورٹ کی تعمیر میں نقائص کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی اور ہدایت کی کہ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن افسران پر مشتمل کمیٹی دو ہفتے میں رپورٹ پیش کرے ۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ائیر پورٹ کو کس نے تعمیر کیا جس پر بتایا گیا کہ ائیر پورٹ کی تعمیر سول ایوی ایشن نے کرائی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سنا ہے چودھری منیر نے اس کی تعمیر کر ائی، اگر نہیں کرائی تو نام بار بار کیوں آ رہا ہے ۔مزیدبرآں سپریم کورٹ نے دوہری شہریت رکھنے والے بیرون ملک تعینات سفیروں کی تفصیلات طلب کر لیں اور ڈی جی ایف آئی اے کو اس بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔سپریم کورٹ نے غیر مجاز افراد کے وفاق اور پنجاب کے سرکاری گھروں میں رہنے والوں کیخلاف پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔سپریم کورٹ نے شوگرملز مالکان کوگنے کے کاشتکاروں کو آج دو بجے تک واجبات کی سو فیصدادائیگیاں کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر ملز مالکان کو بھگتنا پڑے گا۔چیف جسٹس نے نواز شریف کے قریبی عزیز میاں الیاس معراج کی شوگر ملز کے باہر کاشتکاروں کو دھرنا فوری ختم کرنے کا حکم بھی دیا۔نواز شریف کے عزیز جاوید شفیع کی طرف سے کاشتکاروں کے واجبات کی تمام ادائیگیاں کرنے پر چیف جسٹس نے تعریف کی،جس پر میاں جاوید شفیع نے چیف جسٹس سے چیمبر میں ملنے کی درخواست کی۔چیف جسٹس نے کہا بڑے میاں صاحب کے ساتھ کسی جلسے میں تقریر کریں، عدالت بہت مصروف ہے ۔صحافیوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں سے متعلق کیس کی سماعت پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میڈیا مالکان آج تک اپریل اور مئی کی تنخواہیں ادا کر دیں ورنہ سخت کارروائی کروں گا۔ تشہیری مہم؍روک دیا