لاہور(نمائندہ خصوصی سے )بھارت کے سکھ یاتری ننکانہ صاحب سے سپیشل ٹرین کے ذریعے لاہور ریلوے سٹیشن پہنچے جہاں سے انہیں سخت سیکورٹی کے حصار میں سپیشل بسوں کے ذریعے گوردوارہ ڈیرہ صاحب پہنچا دیا گیا۔یاتریوں نے ریلوے سٹیشن اور بعد میں گوردوارہ پہنچنے پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری عمران،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،انچارج سکیورٹی آفیسر من فضل ربی و دیگر افسران یاتریوں کے ہمراہ تھے ۔سکھ جتھہ لیڈر سردار جنگ سنگھ نے لاہور آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہ پاکستان پرامن ملک ہے ، یہاں مختلف مذاہب کے لوگ آباد ہیں جنہیں مکمل طور پر مذہبی آزادی ہے جبکہ حکومتی سطح پر نمائندگی بھی حاصل ہے ، لاہور بہت خوبصورت شہر اور یہاں کے کھانے بہت مشہور ہیں، ہم اپنے قیام کے دوران گریٹر اقبال پارک، شاہی قلعہ اور انارکلی بازار جائیں گے ۔ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل نے میڈیا کو بتایا کہ سکھ یاتری ایک روزہ قیام کے دوران گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے اور طے شدہ شیڈول کے مطابق کل 15 جون کو گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کرینگے اور واپس لاہور آئیں گے ۔ مرکزی تقریب 16جون کو گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد ہو گی۔