لاہور (نامہ نگار)پی آئی اے اور ہاشو گروپ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت مشترکہ طور پر پاکستان میں کاروبار بڑھانے اور سیاحت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس باہمی معاہدے کے مطابق سیاحتی پیکیجز،رینٹ اے کار سروس، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت،شادی کے موقع پر خصوصی رعایتی پیکیجز، ہوائی سفر پر رعایت کی سہولت، صارفین کی سہولت کے لئے مشترکہ کاؤنٹرز کا قیام اور لائلٹی کارڈ کی سہولیات شامل ہیں۔ پی آئی اے اور ہاشو گروپ ایئرپورٹ ہوٹل کراچی کو اپ گریڈکرنے کے لئے بھی مشترکہ کوششیں کرے گا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق یہ توقع ہے کہ اس مشترکہ منصوبہ سے نہ صرف اندرون ملک سیاحت کو فروغ ملے گابلکہ پاکستان میں ٹریول انڈسٹری کے دو بڑے اسٹیک ہولڈرز کے مابین ہم آہنگی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ دستخطی تقریب میں وفاقی وزیر ہوا بازی، غلام سرور خان، سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک، چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے ائر کمو ڈور جواد ظفر، ہاشو گروپ سے چیف آپریٹنگ آفیسر، حسیب گردیزی، جنرل منیجر پاکستان طارق بن یوسف، ہیڈ کارپوریٹ کمیونی کیشنز پی آئی اے عبد اللہ حفیظ خان، پی آئی اے اور ہاشو گروپ کے اعلی عہدیداران، معروف تجارتی شراکت دار اور سیاحتی برادری کے افراد بھی موجود تھے ۔