پشاور( فوزیہ زیب)بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کی کزن نورجہاں نے بھی سیاسی اکھاڑے میں اترنے کا فیصلہ کرلیا اور پی کے 77 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا ، نورجہاں شاہ رخ خان کی فرسٹ کزن ہیں جو پشاور سے صوبائی حلقہ 77 سے الیکشن آزاد حیثیت سے لڑیں گی۔ نورجہاں نے 92 نیوز کو بتایا کہ ان کے اس فیصلے سے شاہ رخ خان ہی نہیں پشاور سے تعلق رکھنے والے بالی ووڈ کے دیگر اداکار بھی خوش ہیں ، نورجہان تاریخی قصہ خوانی بازار کے علاقہ شاہ ولی قتال میں مقیم ہیں جہاں شاہ رخ خان کا آبائی گھر تاحال موجود ہے ، شاہ رخ خان کے والد تاج محمد بھارت چلے گئے تھے جبکہ شاہ رخ خان بچپن میں پشاور آئے تھے اور اپنے گھر کے علاوہ رشتہ داروں سے ملاقات ہوئی تھی ، نورجہاں کے مطابق پشاور میں شاہ رخ خان کے فین ان کو ووٹ دیں گے ۔