اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر)قومی اتھلیٹکس کوچ اولمپین بشری ٰپروین نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پرنتائج حاصل کرنے کے لئے گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاداورسپورٹس اکیڈمیز کا قیام بہت ضروری ہے ۔گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اتھلیٹکس کوچ اولمپین بشری ٰپروین نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر کئی میڈلز حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے اور تعلیمی اداروں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے ماہ وظیفہ بھی دے تاکہ اس سے طلباء وطالبات میں کھیلوں کا مذید رحجان بڑھے گا، انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح کے مقابلوں کے لئے قومی کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ 20 جون سے شروع ہونگے جس میں کھلاڑیوں کو بھر پور محنت کرنی چاہئے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر )محمد اکرم ساہی، سیکرٹری جنرل محمد ظفر اور قومی ہیڈ کوچ محمد اصغر گل اتھلیٹکس کی ترقی کے لئے لئے دن رات کوشاں ہیں کیونکہ صدر اتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی کوخود ایک اتھلیٹ رہنے کے ساتھ ساتھ چیمپیئن ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے اور کھلاڑیوں کے مسائل سے خود بھی واقف ہیں اور ان کی کوشش بھی ہوتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح کھلاڑیوں کے مسائل حل کئے جائیں۔