لاہور ،ملتان ،باجوڑ (سپیشل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر ،نمائندہ 92نیوز) سکیورٹی فورسز نے عید سے قبل مختلف شہروں میں تخریب کاری کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 2مبینہ دہشتگرد گرفتار لئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ دہشت گرد گرفتارکرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیئے ۔دہشت گرد حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ۔ دہشتگردوں میں بختیار احمد اور محمد یوسف شامل ہیں جن کے قبضہ سے ہینڈ گرنیڈز اور اسلحہ برآمدہوا ہے ۔ عید الفطر کے موقع پر باجوڑ میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیاگیا۔تحصیل ماموند کے علاقہ گبرے مڑ مڑ میں فورسز نے خفیہ ادارے کی اطلاع پر سرچ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا ۔ اسلحہ میں راکٹ کے 8گولے ، 3راکٹ لانچر، 3ریموٹ کنٹرول بم ،4دستی بم، بم بنانے کا سامان اور سینکڑوں کارتوس شامل ہیں۔ دہشتگردوں نے گولہ بارود کوتخریب کاری کی غرض سے زیر زمین چھپایا تھا ۔ڈیرہ اسماعیل خان میں بیساکھی گرائونڈ کے قریب نکاسی آب کے نالے کی صفائی کے دوران مشکوک مواد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اوربم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے نے ایک روسی ساخت ہینڈ گرنیڈ اور ممکنہ دہشت گردی کی وارداتوں میں استعمال ہونے والا دیگر مواد برآمدکر کے تحویل میں لے لیا۔