کراچی(وقائع نگار خصوصی،این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے فریال تالپورسمیت پیپلزپارٹی کے دیگررہنماوں کے اقامے اورانتخابات میں نااہلی سے متعلق درخواست پرالیکشن کمیشن کو25جولائی تک جواب جمع کرانے کاحکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے ۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں فریال تالپور، سابق صوبائی وزراناصر حسین شاہ،منظور وسان سہیل انورسیال، سردارنواب غیبی چانڈیو کے اقامے اورانتخابات میں نااہلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔عدالت میں سابق صوبائی وزیرناصر حسین شاہ اور سردار غیبی نواب چانڈیو کے وکیل نے جواب جمع کرادیا۔جواب میں بتایا گیا کہ ناصر شاہ نے 2012 میں اقامہ ترک کردیاتھا۔ناصر حسین شاہ عام انتخابات میں بھی امیدوارہیں اس لئے کیس کو فوری سناجائے ۔عدالت کا کہنا تھا کہ پہلے تمام فریقین نے کاجواب آنے دیں پھرسب کو تفصیل سے سنیں گے ۔عدالت میں فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ عدالت کا نوٹس نہیں ملااس لئے جواب جمع کرانے کیلئے وقت دیا جائے ۔عدالت میں پانچوں درخواستوں پر وفاقی وصوبائی حکومت اورالیکشن کمیشن کی جانب سے بھی مہلت طلب کی گئی۔