لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل احدچیمہ کے شریک ملزم 2 افسروں اور وعدہ معاف گواہوں کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا، نیب نے دو ملزموں کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں کیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق چیف انجنیئر اسرارسعید اور ڈائریکٹرعارف مجید کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، سماعت کے دوران ملزموں کے وکیل نے بتایا کہ احدچیمہ کے ایما پر ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی، نیب کے وکیل نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت نہیں کی جس پر ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے دو ملزموں کو دو، دو لاکھ کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔