لاہور،قلعہ دیدارسنگھ(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)ملک کے بیشترعلاقوں میں گزشتہ روز موسم گرم اور خشک رہا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج مک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے ۔گزشتہ روز ریکارڈ کئے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں سبی 50،نو ر پور تھل،بھکر49،جیکب آباد48،دادو،میانوالی،ڈی آئی خان میں 47 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لاہور میں درجہ حرارت 45 سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ جمعہ کی رات سے جمعرات تک شدید بارشیں ہوں گی، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر ،اسلام آباد، راولپنڈی، مری میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے ۔دوسری جانب بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار760 میگاواٹ تک پہنچ گیا، طلب 23 ہزار 920 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی فراہمی 18 ہزار 160 میگاواٹ رہی ۔ لوڈ بڑھ جانے سے لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے ٹرانسمیشن سسٹم جواب دینا شروع ہو گئے ۔ کئی مقامات پر اوور لوڈ کے باعث ٹرانسفارمر جل گئے دوسری جانب ٹرانسفارمرز جلنے کی زائد شرح کے باعث بیشتر سب ڈویژنوں میں متبادل ٹرانسفارمر کی بھی قلت ہو گئی۔ بار بار ہونے والی لوڈ شیڈنگ سے روزہ داروں کے لئے امتحان مزید سخت ہو گیا۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی قلت ہو گئی۔ مساجد میں روزہ داروں کو وضو کے لئے بھی پانی میسر نہ ہو سکا۔ تین تین گھنٹے مسلسل لوڈشیڈنگ سے شہری خاص طور پر معتکفین پریشان، ٹیلرز کو بھی شدید مشکلات کا سامنارہا۔