لاہور(گوہر علی) صوبائی نگران وزیر صنعت و تجارت و سرمایہ کاری میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ سے نگران حکومت کا تعلق نہیں ،ماضی میں ملکی معیشت کو اہمیت نہیں دی گئی ،شفاف انتخاب کا انعقاد اولین ترجیح ہے ، نگران حکومت میں فوری توجہ کے متقاضی امور ہی انجام دیں گے ،روزنامہ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کی معاشی حالت اچھی نہیں ہے ، ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے ملک کی معیشت مزید متاثر ہوگی اور اس سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا ،ماضی میں ملک کے معیشت کو سنجیدہ نہیں لیا گیا ،یہ ہی وجہ ہے کہ تجارتی خسارہ غیر معمولی طو پر بڑھ گیا ہے ،ریفنڈز کلیم کی ادائیگی مسئلہ بنا ہوا ہے ،دنیا میں ترقی کا راز صرف برآمدات میں اضافہ ہی ہے ،جن ممالک نے برآمدات میں اضافہ کیا وہ معاشی طور پر خوشحال ہوگئے جبکہ ہمارے ملک میں درآمدات میں معمول سے بڑھ کر اضافہ ہونا تشویش ناک ہے ۔