لاہور(جنرل رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی جانب سے علامہ اقبال میڈیکل کالج و جناح ہسپتال میں ڈاکٹروں کے ہاسٹل کے دورے کے دوران اس کی حالت زار پر تشویش کے اظہار کے بعد محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو بھی ہو ش آگیا ۔ ہاسٹل کی حالت سدھارنے کے لیے 9رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ کمیٹی کی سربراہی وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان جبکہ کمیٹی میں سپیشل سیکرٹری ثاقب منان ، سپیشل سیکرٹری فنانس اینڈ پلاننگ عثمان معظم ، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر راشد ضیائ،پروفیسر ابرار اشرف، پرنسپل سمز میڈیکل کالج پروفیسر محمود ایاز، ایم ایس جناح ہسپتال عاصم حمید ، چیف انجینئر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ اور ایک نمائندہ شامل ہیں ۔ یہ کمیٹی ہاسٹل کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لے گی اور اس کے حالات سدھارنے کے حوالے سے اپنی سفارشات 7دن میں جمع کر وائے گی ۔