مکہ مکرمہ،اسلام آباد (ا ین این آئی ،ما نیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کا فرض ہے کہ وہ مسلم ممالک میں تنازعات کے حل میں کردارادا کرے کیونکہ اس وقت پاکستان مسلم دنیا میں سب سے مضبوط ملک ہے ۔ پاکستان روانگی سے قبل گفتگومیں عمران خان نے کہاکہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ مسلم امہ کو متحد رکھیں،اس وقت پاکستان میں حالات بہترنہیں لیکن حکومت کوئی بھی ہوچین اورسعودی عرب کیساتھ تعلقات میں فرق نہیں پڑتا،پاکستان کے چین اورسعودی عرب کیساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں۔عمران خان سعودی عرب دورے کے دوران عمرہ ادا کیا۔ انہوں نے مکہ کے شاہی مہمان خانہ میں سحری بھی کی۔دوسری طرف تحریک انصاف نے عید الفطر کے بعد ملک بھر میں باقاعدہ انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ عمران خان پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں انتخابی مہم کے پروگرام کو حتمی شکل دیں گے کہ کس شہر میں کب جلسہ کرنا ہے ؟ ذرائع کے مطابق عمران خان اپنے پانچ انتخابی حلقوں کے علاوہ بڑے شہروں میں روزانہ تین سے چار بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے ۔تحریکِ انصاف کا آخری انتخابی پنڈال اسلام آباد یا کراچی میں سجانے کا حتمی فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔علاوہ ازیں عمرا ن خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آج دن اڑھائی بجے ہو گا،جس میں ٹکٹوں کی مزید تقسیم پر غور کیاجائے گا۔دریں اثنا چیئرمین عمران خان عمرے کی ادائیگی کے بعد گزشتہ رات وطن واپس پہنچ گئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق علیم خان،زلفی بخاری،عون چودھری بھی ان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ ادھر عمران خان عمرہ کی ادائیگی کے بعدجب بنی گالا پہنچے توبونیر سے امیدوارکوٹکٹ نہ ملنے پر کارکنوں نے عمران کی گاڑی روک لی جس پر کپتان نے مظاہرین کو تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کرادی۔