لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کو تباہ کر کے  رکھ دیا ہے ۔عمران خان نیازی نے قوم سے جو وعدے کئے وہ جھوٹ ثابت ہوئے ۔خان صاحب نے پہلے اعلان کیا کہ میں پشاور میں جنگلہ بس نہیں بناؤں گا لیکن پھر انہیں سوتے میں خیال آیا کہ جنگلہ بس کا منصوبہ بنایا جائے ۔خان صاحب جس میٹرو بس کو جنگلہ بس کہتے رہے ،اب انہوں نے وہی جنگلہ بس پشاور میں بنانا شروع کی ہے ،اب جبکہ حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے والی ہے تویہ جنگلہ بس پشاور میں نہیں چل سکتی۔ بٹگرام میں جلسے سے ٹیلیفونک خطاب کر تے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ مجھے بٹ گرام آنا تھا لیکن موسم کی خرابی کے باعث میں نہیں آسکا ،انشاء اﷲ جلد آپ سے ملنے آؤں گا۔خیبرپختونخوامیں بسنے والے پاکستان کے غیورعوام ہیں۔ عمران خان نیازی نے پانچ برس قبل قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے اور نہ صرف کے پی کے بلکہ پورے پاکستان کو بجلی مہیا کروں گالیکن پانچ سال بعد صرف 74 میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے جبکہ پچھلی حکومت نے 80میگاواٹ بجلی کا جو منصوبہ لگایا تھا وہ 2016ء میں خراب ہوگیا۔پی ٹی آئی کی حکومت نے اس 80میگاواٹ کے منصوبے کی خرابی دور نہیں کی ،اس طرح پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دور میں 6میگاواٹ منفی بجلی پیدا کی ہے ۔جو شخص جھوٹے وعدے کرے اورعوام کو دھوکہ دے کیا اس کو عوام کی رہنمائی اورحکومت کرنے کا حق پہنچتا ہے ؟عمران خان نے ہر موقع پر جھوٹ بولا اورجھوٹ کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ اگر اﷲ تعالیٰ کو منظور ہوا تو ہم اگلے پانچ برس کے دوران کے پی کے کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بنا دیں گے ۔ہزارہ ،بٹگرام اوردیگر شہروں میں ترقیاتی کام کرائیں گے ۔ شہبازشریف نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں پر فائرنگ و بمباری کی شدید مذمت کی اورجام شہادت نوش کرنیوالے فلسطینیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے فلسطینی شہریوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ شہبازشریف نے جامعہ اشرفیہ کے شیخ الحدیث مولانا صوفی سرور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ شہبازشریف نے آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں جیت پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباددی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا تعلق محنت اور صرف محنت میں چھپا ہوا ہے اور آج کی کامیابی کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے ۔