میرپورخاص(بیورو رپورٹ)میرپورخاص میں منعقد ہونے والے 53ویں مینگو فیسٹیول کے سلسلے میں باسکٹ بال اور ہاکی کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ۔گاما سٹیڈیم کے باسکٹ بال کورٹ میں کھیلے جانے والے باسکٹ بال ٹورنامنٹ میں 6ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ فیلکن کلب اور وارئیرز کلب کے مابین کھیلا گیا جسے فیلکن کلب نے 17پوائنٹس کے مقابلے میں 45پوائنٹس سے اپنے نام کیا ۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی اے ڈی سی 2اکرام ملک تھے ۔ جنکا تعارف باسکٹ بال ایسو سی ایشن کے صدر میجر (ر) مرزا مسرور بیگ نے کھلاڑیوں سے کرایا۔ اس موقع پر سیکریٹری نعیم خان لودھی ،ٹورنامنٹ آرگنائزر دلیپ سنگھ،احسان شیخ،عبد الطیف اور سرفراز احمد بھی موجود تھے ۔ آخر میں مہمان خصوصی اکرام ملک نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔دوسری جانب شہید ذوالفقار علی بھٹو ہاکی اسٹیڈیم میں برقی قمقموں میں میرپورخاص بلیو اور میرپورخاص گرین کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ جسے میرپورخاص بلیو کی ٹیم نے 2دوگول کے مقابلے میں 3گول سے جیت لیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے کاشان ،مجاہد اور سعود نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ جبکہ میرپورخاص گرین کے شعیب بھٹی اور بلال ایک ایک گول اسکور کرسکے ۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ہاکی کے سا بق کھلاڑی محمد اسحاق نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر صدر ہاکی ایسو سی ایشن جاوید قریشی،سیکریٹری راجہ محمد یوسف اور سید ذیشان حیدر کے علاوہ شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔