اسلام آبا د(وقائع نگار خصوصی) قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے نواز شریف پر بھارت میں منی لانڈرنگ کے الزام پر چیئرمین نیب کو آج طلب کر لیاجس پر احتجاج کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے ارکان سید نوید قمر اورشگفتہ جمانی نے کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰدیدیا۔ کمیٹی کے چیئرمین چودھری محمداشرف نے روزنامہ 92نیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ قومی اسمبلی نے نوازشریف پر 4.9 ارب ڈالر منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوانے کا معاملہ کمیٹی کے سپر د کیا جس پر چیئرمین نیب کو آج طلب کیا گیا ہے ۔ قبل ازیںقومی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے رکن رانا محمد حیات کی درخواست پر معاملہ تحقیقات کیلئے قائمہ کمیٹی کو بھجوا یا تھا ۔ دریں اثناپیپلزپارٹی کے ارکان سید نوید قمر اورشگفتہ جمانی نے چیئرمین نیب کو طلب کرنے پر استعفیٰ دیدیا۔ دونوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین کمیٹی کو بھجوادیا ۔ارکان کا موقف ہے کہ چیئرمین نیب کی طلبی نیب کے کام میں مداخلت ہے جس کی قانون اجازت نہیں دیتا ۔ نوید قمر نے کہاکہ پارلیمنٹ کا کام اداروں کو مضبوط کرنا ہے انہیں کمزور کرنا نہیں، اس اقدام سے نیب کمزورہوگی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان کمیٹی اجلاس میں شرکت کرینگے اور چیئرمین نیب کی طلبی پر احتجاج ریکارڈ کرائینگے ۔