اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مؤخر کر دی۔جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیلوں پر کی۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کیخلاف نیب اپیل پر بھی سماعت ہوئی جبکہ اسی عدالت میں نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا میں اضافے کیلئے نیب کی اپیل پربھی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو بذریعہ اشتہار طلب کر رکھا تھا لیکن عدالتی احکامات کے باوجود نواز شریف پیش نہ ہوئے ۔دفترخارجہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا نواز شریف جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کرتے ہوئے کہا تسلی کرنی ہے نواز شریف کو حکمنامے سے آگاہ کرنے کی ہرممکن کوشش کی گئی۔ عدالت نے اشتہارات کی تعمیل کرنے والے افسران کے بیانات قلمبند کرنے کا فیصلہ کیا۔سماعت 2دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔