ملتان(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے کچھ غلط نہیں کہا،ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا ہوں، جانتا ہوں نواز شریف سے بڑا محب وطن کوئی نہیں،پارلیمنٹ قومی کمیشن بنائے اور جو ملک کو پیچھے دھکیلتے ہیں ان کو پکڑے ،عمران خان کی وزیراعظم بننے کی خواہش پوری نہیں ہو گی بلکہ ملک کو ایک نیا بحران مل جائیگا،کیا کروڑوں کی آبادی میں صرف عمران خان صادق اور امین ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں تاہم طالع آزما جرنیلوں نے ہمیشہ موقع سے فائدہ اٹھایا ، جس روز سے نواز شریف کی حکومت بنی اس روز سے قوتوں کی جانب سے گرانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، نواز شریف نے کوئی غلط بات نہیں کہی، ان سے پہلے مشرف،محمود درانی،رحمان ملک یہی بات کر چکے ہیں،انہوں نے کہا آج ملک بدترین بحران کا شکار ہے اب ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں اس فیکٹری کو بند ہو جانا چا ہئے ۔