ملتان،شیخوپورہ(خبر نگار،نمائندہ 92نیوز ) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے نواز شریف کو فوج اور عدلیہ سے تکلیف ہے اسلئے انہوں نے ممبئی حملوں کا الزام پاکستان پر لگایا۔ پاکستان خطرات کی زد میں ہے ، ان حالات میں ہمیں یکسو اور متحد ہونا اور کشمیر کے مسئلہ کو حقیقی اہمیت دینی ہوگی، اتحادی ممالک افغانستان میں اپنی شکست کا ذمہ دارپاکستان کو سمجھتے ہیں۔ملتان کے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دفاعی حوالے سے سب سے اہم مسئلہ کشمیر ہے جو ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ،بھارت مزید دو ڈیم دریائے سندھ کے پانی پر لداخ کے مقام پر بنارہا ہے اور ہمارے 70 فیصد پانی پر قبضہ کرچکا ہے ،سی پیک کی طرح پانی کا مسئلہ بھی پاکستان کے لیے بہت اہم ہے ،اس پر خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کشمیر میں تحریک آزادی نے بھارتی پراپیگنڈا ناکام بنا دیا اور خود مختار کشمیر کا نعرہ دم توڑ چکا ہے ، سب پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں،امریکہ پاکستان کو سزا دینے کے لیے شام سے داعش کو افغانستان میں لاچکا،قوم کو فکری و عملی طور پر اکٹھاکرنا ضروری ہے ۔ تحریک اﷲ اکبر نے ’’کرسی ‘‘ کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا، عید الفطر کے بعد مینار پاکستان پر بھرپورسیاسی قوت کا مظاہرہ بھی کیا جائیگا جس میں دفاع پاکستان کونسل میں شریک جماعتوں کے قائدین خطاب کرینگے ۔اس بات کا فیصلہ شیخوپورہ میں حافظ سعید کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔