لاہور(خصوصی رپورٹر)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نگران حکومت آئینی تقاضوں کے مطابق منصفانہ ، آزادانہ ، شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی اور ہم اس قومی ذمہ داری سے بطریق احسن عہدہ برآ ہونے کیلئے صدق دل سے کوشاں ہیں، انشاء اﷲ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اورحقیقی نمائندہ حکومت کے قیام میں بھرپور مدد دینگے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابات پر پور ی دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔نگران حکومت الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کرائے گی۔ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ ہماری کارکردگی سے سیاسی جماعتوں کا ہم پر اعتماد بحال ہوگا ۔ ہم غیر جانبدار حیثیت میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں اور تمام پارٹیوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کرینگے اور سب کو سہولتیں فراہم کریں گے ۔ انہوں نے سرگودھا کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ۔انہوں نے سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فتح اپنے نام کی ہے ۔