کراچی(آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے پیش گوئی کی ہے کہ عام انتخابات کے بعد وفاق میں مخلوط حکومت قائم ہوگی۔کراچی میں احتساب عدالت کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان اور شہباز شریف کو انتخابات کے وقت ہی سندھ یاد آتا ہے ، انتخابات میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ ان تمام سیاسی جماعتوں سے ہوگا جن کے کوئی اصول نہیں، کراچی سے عمران خان کا جیتنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے ۔شرجیل میمن نے کہاکہ میرے حلقے کے عوام مجھے کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ منتخب کریں گے ۔شرجیل میمن نے کہا کہ نوازشریف کا وی آئی پی احتساب ہورہا ہے جبکہ میں 8 ماہ سے جیل میں ہوں اور کوئی ضمانت دینے کو تیار نہیں، عمران خان کے فرنٹ مین زلفی بخاری کا نام بھی ای سی ایل میں تھا، لیکن آدھے گھنٹے میں عدالتی حکم کے بغیر نام خارج کر کے بیرون ملک جانے دیاگیا، زلفی بخاری عمران خان کا کچن چلاتے اوربرطانیہ میں بھی ان کے اخراجات برداشت کرتے ہیں۔