پشاور(خبرنگار،اے پی پی )تحریک انصاف نے سینٹ انتخابات کے دوران ووٹ فروخت کرنے کے حوالے سے شوکازنوٹس کاجواب نہ دینے پر 14اراکین اسمبلی کو فارغ کردیا ہے جبکہ باقی اراکین اسمبلی کے متعلق 2روز میں فیصلہ کیا جائے گا۔ جن اراکین کو پارٹی سے نکالا گیا ہے ان میں خیبر پختونخوا سے ایم پی اے نرگس بی بی ، دینا ناز، نگینہ خان، نسیم حیات ، یاسین خلیل ، قربان خان ، ضیاء اﷲ آفریدی ، امجد آفریدی ، عبید اﷲ مایار،زاہد درانی،وجیہہ الزماں،جاوید نسیم،عبدالحق اورخاتون بی بی شامل ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 18پارٹی کے ارکان اسمبلی اور2 حمایت یافتہ امیدواروں کو شوکاز نوٹسز جاری کئے تھے ۔ تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی کے مطابق شوکازنوٹس کاجواب نہ دینے والے ممبران کوفارغ تصورکیاجائے گا اورانکے ناموں پر کوئی نظرثانی نہیں ہوگی،کمیٹی صرف ان ممبران کے ناموں پر نظرثانی کریگی جنہوں نے شوکازنوٹس کا جواب دیاہے ۔ اب تک اراکین خیبرپختونخوااسمبلی میں عارف یوسف،فوزیہ بی بی ،سمیع اﷲ علیزئی،معراج ہمایوں،فیصل زمان،سردارادریس نے نوٹس کاجواب دیاہے ۔ضیاء اﷲ آفریدی کے مطابق انہوں نے 2 سال قبل پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی اور ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں تاہم انہیں نکالنے کا فیصلہ غلط ہے ۔