لندن (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 69 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، سیرا ٹیلر اور ٹامی بیومائونٹ نے شاندار سنچریاں سکور کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، جنوبی افریقن اوپنر لیزل لی کی سنچری ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، سیرا ٹیلر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ برائٹن میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 331 رنز بنائے ، سیرا ٹیلر 118 اور ٹامی بیومائونٹ 101 رنز بنا کر نمایاں رہیں، شبنم اسماعیل، مریزن کیپ اور آیابونگا نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں جنوبی افریقن ویمن ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 262 رنز بنا سکی، لیزل لی نے عمدہ بیٹنگ کی تاہم ان کی 117 رنز کی اننگز ناکافی ثابت ہوئی، ٹرائون 44 رنز بنا کر دوسری نمایاں کھلاڑی رہیں، ایکلیسٹون نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔