اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور عالمی بنک کے درمیان توانائی اور پانی کے شعبوں کے منصوبوں میں مالی معاونت کے لئے 56 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے معاہدے طے پا گئے ۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن سیّد غضنفر عباس جیلانی اور عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر پچامتھو ایلانگوان نے معاہدوں پر دستخط کئے ۔ معاہدوں کے تحت نیشنل ٹرانسمیشن ماڈرنائزیشن (فیز ون) منصوبہ کے لئے 425 ملین ڈالر اور سندھ میں بیراجوں کی بہتری کے منصوبہ کے لئے 140 ملین ڈالر کی اضافی فنانسنگ شامل ہے ۔ نیشنل ٹرانسمیشن ماڈرنائزیشن کا مقصد ملک میں قومی ٹرانسمیشن سسٹم کے منتخب حصوں کی استعداد بڑھانا اور این ٹی ڈی سی میں جدت لانا ہے ، منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 536.33 ملین ڈالر ہے اور عالمی بنک 425 ملین ڈالر فراہم کرے گا جبکہ 111.33 ملین ڈالر کی لاگت این ٹی ڈی سی برداشت کرے گی۔سندھ کے بیراجوں میں بہتری کے منصوبہ کا مقصد گدو بیراج کی کارکردگی اور سیفٹی کو بہتر بنانا اورمحکمہ آبپاشی کی استعداد کو بڑھانا ہے ۔ منصوبہ کے لئے درکار اضافی فنانسنگ کا مجموعی تخمینہ 152.2 ملین ڈالر ہے جس میں سے 140 ملین ڈالر اے ایف کے تحت اور 12.2 ملین ڈالر حکومت سندھ فراہم کرے گی۔ سیکرٹری اقتصادی امورنے عالمی بنک کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کی کوششوں میں مسلسل تعاون کو سراہا۔