لاہور،کراچی ،اسلام آباد (نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک )اﷲ تعالی کی قدرت، پاکستان، سعودی عرب، ایران سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں 6برس بعد ایک ساتھ رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا ،مملکت خداداد میں رمضان المبارک کا چاند دکھائی دیتے ہی تمام چھوٹی بڑی مساجد نمازیوں سے بھر گئیں، نماز عشا کے بعد نماز تراویح کے اجتماعات منعقد کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہواجس کی صدارت کمیٹی کے چیئر مین مفتی منیب الرحمن ٰنے کی ۔ چاند دکھائی دینے کی بابت شہادتیں سامنے آنے کے بعد مفتی منیب الرحمن نے آج 17مئی 2018 کو یکم رمضان المبارک ہونے کا اعلان کیا۔ لاہور میں جامع مسجد داتا دربار، بادشاہی مسجد، مسجد شہدا، نمرہ مسجد، جامع مسجد منصورہ، جامع مسجد منہاج القرآن اور دیگر میں شب بھراجتماعی اور انفرادی طور پر عبادت کا سلسلہ جاری رہا۔ سعودی عرب ،بحرین، قطر،ا ومان ، کویت، یمن،ا ردن، شام، فلسطین،مصر،سوڈان،تیونس،ترکی،ملائیشیا،انڈونیشیا،روس،جاپان،جنوبی کوریا،فرانس،آسٹریلیا اور سنگارپور میں آج جمعرات کو پہلا روزہ ہے ۔ صدر ممنون ،وزیر اعظم عباسی، نواز شریف ،شہباز شریف ، زرداری، عمران خان، طاہر القادری اور دیگر نے قوم کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کا مہینہ نعمتوں کا شکر ادا کرنایاد کرواتاہے اور ساتھ ہی ساتھ مستحق لوگوں کی مدد کا درس بھی دیتا ہے ۔