اسلام آباد (اے پی پی) جنوبی ایشیاء کے ممالک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے تحت گزشتہ 17 سالوں کے دوران پاکستان میں کی جانے والی ایف ڈی آئی کی شرح میں 14.5 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔ سال 2000ء کے دوران جنوبی ایشیاء کے ممالک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں پاکستان کا حصہ 23 فیصد تھا جو 8.5 فیصد تک کم ہوگیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے تجارت‘ سرمایہ کاری اور ترقی کے ادارے (یو این سی ٹی اے ڈی) کی عالمی سرمایہ کاری رپورٹ کے مطابق سال 2000ء کے دوران جنوبی ایشیاء کے ممالک میں 30 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی جو 17 سالوں کے دوران 2017ء میں 507ارب ڈالر تک بڑھ گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیاء کے ممالک میں کی جانے والی ایف ڈی آئی میں سال 2000ء کے دوران بھارت کا حصہ 54 فیصد تھا جو 2017ء کے دوران 74 فیصد تک بڑھ گیا جبکہ پاکستان میں کی جانے والی ایف ڈی آئی کے تناسب میں 14 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔