لاہور(خصوصی رپورٹر،سپیشل رپو رٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرحسن عسکری نے کہا کہ نگران حکومت پرامن ماحول میں شفاف انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے ، ووٹرز کو پرامن ماحول میں آزادانہ طور پر حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سے ڈی جی رینجرزپنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ملاقات کی۔ نگران وزیراعلیٰ نے قیام امن اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے رینجرز کے افسروں ،جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دیکر نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور یہ امن ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں عیدالفطر کے موقع پرشہروں کی صفائی کے انتظامات، جھولوں کی سیفٹی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ صفائی کیلئے مرتب کئے جانیوالے ایکشن پلان پر عملدرآمد نظر آنا چاہیئے ۔ پارکوں اور دیگر تفریحی مقامات پر لگے جھولوں کی سیفٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے 8کروڑ روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی ۔اس فنڈز سے کینسر،جگروگردے کی پیوندکاری اوردیگر مہلک امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کامفت علاج ہوگا۔ دریں اثنا ڈاکٹر حسن عسکری نے ایس پی رانا عمر فاروق کو اپنا چیف سکیورٹی آفیسر تعینات کر دیا ۔ انہوں اپنے چیف سکیورٹی آفیسر کی تعیناتی الیکشن کمیشن پنجاب سے باقاعدہ منظوری لینے کے بعد کی ہے جبکہ ایوان وزیراعلیٰ نے انکی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ۔