لاہور(اپنے رپورٹر،سٹاف رپورٹر ) عید الفطر قریب آ تے ہی شہر کے بس اڈوں پر پردیسیوں کے رش میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا، شہریوں کی بڑی تعداد بس اڈوں پر امڈ آنے سے ٹرانسپورٹرز نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے ، ٹرانسپورٹرز ،مسافروں میں لڑائی جھگڑے بھی ہونے لگے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزدوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد کی روانگی کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا ۔ موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرائے میں از خود اضافے کے ساتھ مشہور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے ٹکٹوں بلیک میں فروخت کی جا رہی ہے ۔ کمپنیوں کے اڈوں پر کائونٹرز پر بکنگ ختم ہو نے کی صورت میں وہاں موجود ایجنٹ مسافروں کو مہنگے داموں ٹکٹیں فروخت کر رہے ہیں ۔ علا وہ ازیں لاری اڈہ ، چوک یتیم خانہ ، بکر منڈی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر موجود بس اڈوں پر رش ہو نے کے باوجود سکیورٹی کے ناقص انتظامات ہیں اور چیکنگ کا نظام نہ ہو نے کے برابر ہیں ۔اس صورتحال پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ قومی ونجی ائر لائنز نے ایک ماہ میں تین بار کرایوں میں اضافہ کردیا جس سے مسافروں کی اپنوں کے ساتھ عید منانے کی خوشیاں بھی دم توڑنے لگی ہیں ۔پی آئی اے بزنس کلاس لاہور کراچی کا کرایہ 60ہزار روپے جبکہ اکانومی کلاس کا کرایہ لاہور کراچی عید کے تین روز 40ہزار روپے تک پہنچ گیا،اسی طرح سرین ائر لائن کا کوئٹہ لاہور، کراچی لاہور کرایہ 28ہزار ،پی آئی اے لاہور، اسلام آباد، لاہور کرایہ 40ہزار روپے ،ائر بلیو لاہور کراچی لاہور کرایہ دوطرفہ 27ہزار روپے اورشاہین ائیر لائن لاہور کراچی لاہور کرایہ 30ہزار روپے ۔ اسی طرح بیرون ملک پی آئی اے کا کرایہ لاہور دبئی لاہور 45ہزار روپے ،پی آئی اے لاہور لندن لاہور اکانومی کلاس کا کرایہ 86ہزار ، پی آئی اے لاہور نیویارک لاہور بذریعہ کینیڈا 1لاکھ 83ہزار اورقطر ائیر ویز بزنس کلاس میں لاہور نیویارک لاہورکا کرایہ 4لاکھ 40ہزر جبکہ اکانومی کلاس میں قطر ائیر ویز لاہور ،نیو یارک لاہور 1لاکھ 37ہزار روپے ،اسی طرح ائر بلیو لاہور جدہ لاہور کرایہ 75ہزار ،شاہین ائیرلائن لاہور جدہ لاہور 68ہزار روپے ،جبکہ جدہ سے لاہور عید کے دس روز سے زائد یکطرفہ کرایہ پچاس ہزار تک پہنچ گیا ہے ۔ عید گزرنے کے دس دن بعد کرایوں میں کمی ہو جائے گی اور کرایوں میں کمی ہونے سے عمرہ زائرین لاہور سے جدہ یکطرفہ کرایہ بائیس ہزار پر بھی سفر کریں گے ،عید کے درمیان اور بعد میں بیرون ملک بالخصوص مڈل ایسٹ سے کرایہ پچیس فیصد بڑھ گیا ہے ۔ دریں اثنا لاہور ریلوے سٹیشن پر رش بڑھ گیا،ٹرینوں میں مسافروں کی گنجائش ختم ہوگئی جس کی وجہ سے ٹرینوں میں آئندہ دو روز تک بکنگ نہیں ہورہی۔