سینچورین ( سپورٹس ڈیسک،92 نیوز رپورٹ) اوپنر فخر زمان، کپتان بابر اعظم اور حسن علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں28 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی، کپتان بابر اعظم کو مین آف دی میچ جبکہ فخر زمان کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ سینچورین میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر320 رنز بنائے ۔گزشتہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے سے محروم رہ جانے والے فخر زمان نے اپنی فارم برقرار رکھی اور مسلسل دوسرے میچ میں بھی سنچری سکور کی۔ فخر زمان نے 101، امام الحق 57 ، بابر اعظم 94، محمد رضوان 2، سرفراز احمد13، فہیم اشرف 1، محمد نواز نے چار رنز بنائے جبکہ حسن علی نے صرف 11 گیندوں پر چار چھکوں اور ایک چوکے کی مددسے شاندار 32 رنز بنائے ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 3، ایڈن مارکرم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں میزبان ٹیم 292 رنز ہی بناسکی۔ جانیمن ملان 70،مارکرم 18، جے جے سمٹ 17، کپتان ڈمبا باووما 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ، ہینری کلیسن کی اننگز صرف 4 رنز تک محدود رہی۔پلہکوایا کی ہمت بھی 54 رنز پر جواب دے گئی۔ قومی ٹیم کی جانب شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے تین ،تین جبکہ حارث رئوف نے دو اور حسن علی اور عثمان قادر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ میچ کے آخر میں کپتان بابر اعظم کو شاندار اننگز پر مین آف دی میچ جبکہ فخر زمان کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔