اسلام آباد ، راولپنڈی(مانیٹر نگ ڈیسک ، این این آئی)سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چودھری نثار علی خان نے اپنی توپوں کا ’رخ ‘ تبدیل کرتے ہوئے اب پرویز رشید کی طرف کر دیاہے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے پرویز رشید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پر ویز رشید کے کرتوت بے نقاب ہو جائیں تو سر شرم سے جھک جائیں گے ، پرویز رشید نے پارٹی میں خوشامدی کلچر کو منشور کا حصہ بنایا ہے اور پرویز رشید جیسے لوگ خوشامد کی بد ترین مثال ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی غداروں نے (ن)لیگ پرسیکولرنظریہ مسلط کیااور ن لیگ کو فیملی پارٹی بنانے کے مشورے دیئے ، پرویزرشیداخلاقی،سیاسی اورنظریاتی پیمانے پرپورانہیں اترتے ۔علاوہ ازیں چودھری نثار علی خان نے راولپنڈی کی چک بیلی روڈ حرکہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مریم نواز اس ذمہ داری کے قابل نہیں ہیں جوانہیں سونپی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 1988 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو خاتون ہونے کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق قائد بینظیر بھٹو کی حکمرانی قبول نہیں تھی لیکن آج انہوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی کمان اپنی بیٹی کو سونپ دی۔میرے مخالف آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا ایسا امیدوار سامنے آرہا ہے جس نے علاقے میں کوئی کام کرکے نہیں دکھایا۔ 18 جون کو باقاعدہ طور پر جلسے سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ۔