مدینہ منورہ (مانیٹرنگ ڈیسک؍آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چودھری نثار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی ہے ، اب فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے ،نوازشریف پاکستان کے اداروں پر حملے کر رہے ہیں، لندن فلیٹس 1993سے نوازشریف کی ملکیت ہیں ، نوازشریف نے ابھی تک لندن فلیٹس کی منی ٹریل نہیں دی ،انہوں نے چوری کے پیسوں سے لندن فلیٹس خریدے ۔ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا عدل و انصاف کسی بھی معاشرے کیلئے سب سے اہم ہوتا ہے ، ملک اسلامی فلاحی ریاست کے نظریے پر بنا تھا، اب اس کا الٹ بن گیا ہے ، پہلے 80فیصد ایسے امیدوار تھے جنہوں نے کبھی الیکشن نہیں لڑا جبکہ اب ایک فیصد بھی ایسے امیدوار نہیں ہیں جنہوں نے کبھی الیکشن نہ لڑا ہو۔انہوں نے کہا عوام مجرم کو حکمران بنا دے تو ملک تباہ ہوجاتا ہے ۔علاوہ ازیں عمران خان نے اہلیہ کے ہمراہ عمرہ ادا کیا اور روضہ رسول ؐ پر حاضری دی۔