فیصل آباد(سپیشل رپورٹر)پنجاب حکومت نے من پسند افراد اور اپنے ارکان اسمبلی کو نوازنے کیلئے حکومت کے آخری دو دنوں میں 349 نوکریاں دینے کا حیرت انگیز فیصلہ کرلیا ہے ،صوبہ بھر کے 85ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں گریڈ 17 کے فارما سسٹس کی نئی اسامیاں بنا ڈالیں جبکہ عجلت میں نوٹیفکیشن بھی کرا دیا۔صوبہ پنجاب کے جن ہسپتالوں میں گریڈ 17کے فارماسسٹس کو نوکریاں دی جائینگی ان کی تنخواہوں اور دیگر مراعات پر آنیوالے اخراجات بھی متعلقہ ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کو ہی ادا کرنا ہونگے ۔جن ہسپتالوں میں آسامیاں پیدا کی گئی ہیں ان میں لیاقت پور‘ جام پور‘ میلسی‘شورکوٹ‘تاندلیانوالہ‘کوٹ مومن‘حسن ابدال‘دنیا پور‘یزمان منڈی‘ گوجر خان‘ شاہ کوٹ‘پنڈی بھٹیاں‘کلور کورٹ‘ کمالیہ‘ہارون آباد‘لالیاں‘پنڈی گھیپ‘ خوشاب‘ چوک اعظم‘ خان پور‘ شکر گڑھ‘فورٹ عباس‘ صفدر آباد‘ جڑانوالہ‘مری‘ کروڑ لعل عیسن‘ صادق آباد‘چک جھمرہ‘ سمندری‘وزیر آباد‘دیپالپور‘فیروز والا ودیگر شامل ہیں۔