راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے )لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عبادالرحمٰن لودھی نے داڑھی والے نوجوانوں کو محکمہ پولیس میں بھرتی کا موقع نہ دینے کانوٹس لیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پولیس میں داڑھی جرم ہے تو پھر سی پی او راولپنڈی سمیت تمام داڑھی والے افسروں کو فورس چھوڑدینی چاہئے ،یہ خطرناک پوزیشن ہے ،ہم نوجوان نسل کو انکے حق سے محروم رکھ کر ملک کو کس طرف لیکر جارہے ہیں۔ جسٹس عبادالرحمٰن لودھی نے دوران سماعت درخواست گزاروں کو فوری طور پر کانسٹیبل بھرتی کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انٹرویو کے دوران درخواست گزاروں کے بارے میں قائم کی گئی رائے کی تصدیق کیلئے کوئی میڈیکل بورڈ بھی تشکیل نہیں دیا گیا ۔طیب نواز خان اور محمد ناصر نے بھرتی نہ کرنے پر عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا۔