ویٹی کن سٹی (نیٹ نیوز)مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے برازیلی ماڈل کی تصویر کو لائیک کیے جانے پر تنازع ہونے کے بعد ویٹی کن سٹی نے معاملے کی تفتیش کا اعلان کردیا۔برطانوی اخبار دی گارجین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ برازیلی ماڈل نتالیا گریبوتو کی نیم عریاں تصویر کو ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چند ہفتے قبل لوڈ کیا گیا تھا، تصویر کو پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ سے لائیک کیا گیا تو ان کا نام لائیک کرنے والوں میں نمایاں ہوا، جس کے سکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے ۔پوپ فرانسس کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے برازیلی ماڈل کی تصویر کو لائیک کرنے پر خبریں سامنے آنے کے بعد پاپائیت کے مرکز ویٹی کن سٹی نے مذکورہ معاملے پر تفتیش کرنے کا اعلان کردیا۔ بعد ازاں مذکورہ تصویر کو ان لائیک کردیا گیا۔پوپ فرانسس کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے اپنی تصویر کو پسند کیے جانے کے بعد برازیلی ماڈل نتالیا گریبوتو نے مزاحیہ انداز میں بیان دیا کہ اب انہیں یقین ہوگیا کہ وہ کم از کم جنت میں ضرور جائیں گی۔ماڈل کی تصویر کو پوپ فرانسس کے آفیشل اکاؤنٹ سے لائیک کیے جانے پر دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں میں غم و غصے کی لہر دیکھی جا رہی ہے ۔