پیرس ( راجہ حبیب سے ) پیرس میں منعقدہ عالمی دفاعی سازو سامان کی نمائش ’یوروسٹیری‘ میں دنیا بھر کے 60 سے زائد ممالک کے ماہرین اور خریداروں نے پاکستانی سٹال میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔پیرس میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے میڈیا کو جاری کی گئیں معلومات کے مطابق پاکستان کے معروف دفاعی پیداواری اداروں پاکستان آرڈنینس فیکٹری، نیشنل ریڈیو و ٹیلی کمیونیکیشن اور گلوبل انڈسٹریل و ڈیفنس سلوشنز نے پاکستان ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کی قیادت میں دفاعی سازو سامان کے ساتھ نمائش میں حصہ لیا۔پاکستانی سفیر معین الحق نے پاکستانی سٹال کا دورہ اور پاکستانی دفاعی وفد کے اراکین سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے بین الاقوامی خریداروں کو متوجہ کرنے کیلئے پاکستانی سٹال کو جدید دفاعی ساز و سامان سے سجانے پر تعریف کی۔انہوں نے کہا دفاعی نمائش میں شرکت سے پاکستانی اداروں کوعالمی اداروں سے تعلقات بڑھانے میں مدد ملے گی۔نمائش میں چئیرمین پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ لیفٹینٹ جنرل صادق علی( ہلال امتیاز (ملٹری)، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ڈائریکٹر جنرل گلوبل انڈسٹریل و ڈیفنس سلوشنز میجر جنرل (ر) طارق جاوید، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن بریگیڈیئر وحید ممتاز نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ عالمی دفاعی نمائش