لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 6 کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ پینل کا اعلان کردیا ۔ وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمیٰ محمد عباس پر مشتمل 2 رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل مقررہ بائیو سکیور پروٹوکولز اور ضمنی قوانین کا ازسرنو جائزہ لے گا۔ ڈاکٹر سید فیصل محمود آغا خان یونیورسٹی میں شعبہ وبائی امراض میں بطورسیکشن ہیڈ اور اسسٹنٹ پروفیسر کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ ڈاکٹر سلمیٰ محمد عباس شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر لاہور میں بطور کنسلٹنٹ برائے وبائی امراض اینڈ جنرل میڈیسن کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ یہ پینل 31 مارچ تک اپنی سفارشات اور تجاویز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو پیش کرے گا۔اس آزاد پینل کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ پی ایس ایل 6 کے لیے تیار کردہ کورونا ایس او پیز کا جامع اور تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وہاں موجود کسی بھی خامی کی نشاندہی کرے اور اپنی سفارشات پیش کرے کہ یہ بائیو سکیور ماحول کورونا فری کیوں نہ رہ سکا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور اپنے میچ آفیشلز کی صحت اور حفاظت سے متعلق بہت سنجیدہ ہے ، ہم زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز اور حالیہ ڈومیسٹک سیزن کے 9 ٹورنامنٹس میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کرچکے ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ دو ماہرین پر مشتمل اس آزاد پینل کی تقرری کا واحد مقصد ایک ایماندارانہ، تعمیری اور بامقصد جائزہ لینا ہے ۔