اسلام آباد،لاہور، پشاور ،کوئٹہ،کراچی (وقائع نگار خصوصی ،سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ،کامرس رپورٹر ،اپنے نیوزرپورٹرسے ،خبر نگار ،اے پی پی) عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں 2روز باقی رہ گئے ہیں، ملک بھر میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے این اے 125اور127جبکہ سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے این اے 133،مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 192سے بھی، ن لیگ کے رہنما چودھری نثار نے این اے 59کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے بعد این اے 35 کیلئے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے ہیں۔گزشتہ روز لاہور سے قومی اسمبلی کے 14 حلقوں کیلئے خواجہ سعد رفیق ،خواجہ سلمان رفیق ،ہارون اختر سمیت 439،صوبائی اسمبلی کی 30 نشستوں کیلئے مسلم لیگ ن کے بلال یاسین،رانا ارشد،رانا مشہود،پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی سمیت 650جبکہ پنجاب کی مخصوص نشستوں کیلئے 765امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ۔ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے خواجہ سرا بھی میدان میں آگئے ہیں، گزشتہ روز خواجہ سرا نیلی رانا نے قومی اسمبلی کی مخصوص نشست پر کاغذات نامزدگی حاصل کئے ۔ اسلام آباد کی3 نشستوں پر اب تک 143 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول کئے گئے ہیں جبکہ 4امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں ۔ لاہور میں پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک سمیت5 امیدواروں نے قومی جبکہ صوبائی حلقوں کے 15 آزاد امیدواروں نے کا غذات جمع کرادیئے ۔سندھ اسمبلی کی خواتین اوراقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن سے اب تک 503 نامزدگی فارم حاصل جبکہ 18 جمع کرا ئے گئے ہیں،جن میں دیوان چند چاؤلہ ، راجہ اسیرمل منگلانی،شہناز گل،ندا کھوڑو،شہناز گل،نصرت سحر عباسی دیگر شامل ہیں۔ سابق صدر ، پی پی کے شریک چیئرمن آصف زرداری نے این اے 213 سے کاغذات نامزدگی حاصل،مسلم لیگ (ن) کے رہنماسینیٹر مشاہداﷲ خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی سے جمع کرا دیئے ہیں۔ خیبرپختونخوامیں پشاور سے قومی اسمبلی کی 5نشستوں کیلئے 120،صوبائی کی14نشستوں کیلئے 230، مخصوص نشستوں کیلئے 250امیدوارمیدان میں اترآئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں600 سے زائد امیدواروں نے صوبائی و قومی اسمبلی کیلئے نامزدگی فارم وصول کئے ہیں جبکہ سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمرزمان نے کاغذات جمع کرادئیے ہیں۔ بلوچستان سے صوبائی اسمبلی کے 51حلقوں میں 119جبکہ قومی اسمبلی کے 16حلقوں میں 15 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں ۔