لاہور،ملتان،خانیوال (سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر ،نمائندہ 92 نیوز) لاہور پولیس نے حساس اداروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے ملکر ناجائز اسلحہ کی سپلائی اور خرید وفروخت کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے 12افراد کو حراست میں لیکر ناجائز اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد کرلی۔پکڑے جانے والے اسلحہ میں جدید رائفلیں شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ایس ایس پی آپریشن منتظر مہدی کی ہدایت پرڈی ایس پی مناواں سرکل غیاث الدین نے پولیس اور حساس ادارے کی ٹیموں سے ملکر لکھو ڈیر اور اسکے قرب وجوار میں خصوصی سرچ آپریشن کیا ۔ سرچ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد کرلیاگیا اسلحہ میں جدید رائفلیں شامل ہیں جبکہ ہزاروں گولیاں اوردرجنوں پستول بھی قبضہ میں لئے گئے ۔ ڈی ایس پی مناواں غیاث الدین کا کہنا ہے کہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے جلد حقائق واضح ہو جائیں گے ۔ سی ٹی ڈی نے خانیوال میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے ۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے 4 دستی بم ، ایک پستول اور بارود برآمد ہوا ہے ،جبکہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا جاتاہے ۔ دہشت گردوں کو خانیوال بس سٹینڈ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔جن میں غلام علی، احمد بلال، حسن امین اور طا ہر شامل ہیں۔ چاروں دہشت گردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ملزمان حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ملزموں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی ملتان میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔