اوٹاوا( نیٹ نیوز)کینیڈا کی پارلیمنٹ میں ایک قرار داد کے ذریعے ایرانی پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے ۔ پارلیمنٹ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ کینیڈا کے قوانین کے مطابق پاسداران کو فوری طور پر مذکورہ تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جائے ۔گزشتہ روز قرار داد پر رائے شماری کے نتیجے میں اس کے حق میں 248 جب کہ مخالفت میں 45 ووٹ آئے ۔ قرار داد میں ایرانی نظام کی جانب سے دنیا بھر میں دہشت گردی کی سپورٹ جاری رہنے کی سخت مذمت کی گئی۔ اور علی خامنہ ای کی جانب سے اسرائیل کی تباہی کے حوالے سے حالیہ بیان کو "یہودیوں کے خلاف نسلی تطہیر" قرار دیا گیا ہے ۔